نئی دہلی،17/ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) راجدھانی دہلی میں مجرموں کے حوصلے دن بدن بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔حالیہ معاملہ شمال ومشرقی دہلی کے جیوتی نگر علاقے کا ہے۔جہاں بے خوف بدمعاشوں نے ایک کاروباری کااس کے گھر کے باہر ہی گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس قتل کی وجہ لوٹ مار کو بتا رہی ہے۔متوفی کاروباری کی شناخت 44 سالہ راجل سنگھل کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ابھی تک کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ واقعہ پیر کی رات کا ہے۔واقعہ سے کچھ وقت پہلے راجل گھر کے قریب ہی بنے اپنے الیکٹرانکس شوروم کو بند کرکے گھر واپس آ رہے تھے۔اسی دوران موٹر سائیکل پر آئے ملزمان نے ان پر فائرنگ کرنا شروع کر دیا۔چند راؤنڈ کی فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے راجل کو قریب کے اسپتال میں داخل کرایا۔سب کو لگا کہ راجل کو ہارٹ اٹیک آیا ہے۔کسی کو اس بات کا اندیشہ ہی نہیں تھا کہ اسے گولی لگی ہے۔ کیونکہ پیٹھ پر لگی گولی کے بعد بھی خون بہت کم نکلا تھا۔ دیر رات اسپتال میں علاج کے دوران راجل کی موت ہو گئی۔پولیس فی الحال اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ساتھ ہی علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔